Uncategorized

ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی عملی طور پر بھی نظر آنی چاہیے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے جس طرح اب سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، وہ خوش آئند ہے، لیکن یہ سنجیدگی عملی طور پر بھی نظر آنی چاہیے، جب ہم اپنا ہاؤس ان آرڈر کر رہے ہیں تو پھر ہمیں اس کے تمام تقاضوں کو بھی پورا کرنا ہوگا، دہشت گردی نے امن و امان کی تباہی کے ساتھ ساتھ ملک کو معاشی، معاشرتی ہر حوالہ سے تباہ کیا، اب تک دہشت گردی میں ملوث جو لوگ گرفتار کئے گئے، جن کے کیسز فوجی عدالتوں میں بھیجے گئے اور جو دہشت گرد مارے گئے، ان کے حقائق سے عوام کو آگاہ نہیں کیا گیا، فی الوقت سب کچھ مبہم ہے، ذمہ داران اس ابہام کو ختم کریں۔

وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور وزیر داخلہ کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حالیہ ملکی اور بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں بالآخر مقتدر حلقے جس سنجیدگی سے معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں، یہ خوش آئند ہے لیکن یہ سنجیدگی عملی طور پر بھی نظر آنی چاہیے، کیونکہ پاکستان عرصہ سے دہشت گردی کا شکار ہے اور دہشت گردی کے واقعات کے بعد مختلف علاقوں سے لوگوں کو گرفتار کیا جاتا رہا، کچھ لوگ مارے بھی جاتے رہے، لیکن آج تک ان کی شناخت نہیں کی گئی، معاملات کو ابہام میں رکھا جاتا رہا، اب عوام یہ تقاضا کرتے ہیں کہ جن دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، ان کے کیسز فوجی عدالتوں میں بھجوائے گئے، ان کا کچھہ چھٹا کھولا جائے، حالیہ چند دنوں میں سندھ حکومت کی جانب سے 90 کیسز فوجی عدالتوں کو بھجوائے گئے ہیں، اس حوالے سے حقائق عوام تک پہنچائے جانے چاہئیں کہ کون لوگ گرفتار ہوئے، کون سے کیسز بھجوائے گئے۔

بدلتے ہوئے عالمی منظر نامہ پر علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ ہم پہلے بھی کہہ چکے اور ایک مرتبہ پھر دہراتے ہیں کہ پاکستان کی خود مختاری، سلامتی اور دفاع پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، پاکستان پر اگر کوئی کڑا وقت آیا تو پوری قوم متحد ہو کر سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button