Uncategorized

محرم الحرام، کشمیر میں یزیدیت کیساتھ بھارتی مظالم کیخلاف بھی شعور اجاگر کیا جائے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے، عوام کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا جائے، بھارتی مظالم کیخلاف شدید ردعمل کی ضرورت، یزیدیت کیساتھ بھارتی مظالم کیخلاف بھی محرم الحرام میں شعور اجاگر کیا جائے اور قراردادیں منظور کی جائیں، جنوبی ایشیا کا پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے، انتہائی تعجب کہ پوری دنیا کشمیر بارے بھارتی اقدامات کی مذمت کر رہی ہے مگر وہ مسلسل کشمیر اور ایل او سی پر بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی کے ان دہشتگرد تنظیموں سے روابط جنہوں نے پاکستان میں آگ و خون کی ہولی کھیلی اب ڈھکے چھپے نہیں رہے، خود بھارتی میڈیا نے اس کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے، پاکستان کو موثر سفارتکاری کے ذریعے سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک کے چہرے سے نقاب اتارتے رہنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ 1947ء سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سفاکیت جاری ہے لیکن افسوس کشمیری عوام کی مظلومیت عالمی اداروں کو نظر نہیں آتی، انسانی حقوق، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیمیں کیوں خاموش ہیں؟

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ 70 سال سے ہندوستان مظلوم کشمیری عوام کو ریاستی جبر و تشدد اور ظلم کے پہاڑ توڑ کر زیر کرنے کی ناکام کوششیں کر رہا ہے لیکن کشمیریوں کا جذبہ آزادی کم ہونے کی بجائے مزید مضبوط اور بھرپور طریقے سے ابھر کر سامنے آیا ہے اور بھرپور عوامی جدوجہد کا روپ دھار چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے اور تمام فریقوں کو ان کی خواہشات کا احترام کرنا چاہیے، حکومت پاکستان کو بھی اس سلسلے میں بھرپور اور موثر انداز میں سیاسی، سفارتی اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے علماء و ذاکرین سے کہا کہ محرم الحرام میں جہاں یزیدیت کے ظلم و ستم کیخلاف عوام کا شعور اجاگر کیا جاتا ہے، وہیں بھارتی ریاستی ظلم و تشدد کو بھی اُجاگر کیا جائے اور مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں کیونکہ مسئلہ کشمیر حکومتی سطح کے علاوہ عوامی سطح پر بھی بھرپور اور شدید رد عمل کی ضرورت ہے۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہاکہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی ان دہشتگرد گروپوں کے روابط اب ڈھکے چھپے نہیں رہے جنہوں نے پاکستان کو آگ و خون میں نہلایا، خود بھارتی میڈیا بھی اس کا گواہ ہے، پاکستان کو موثر سفارتکاری کے ذریعے سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک کے چہرے سے نقاب ہٹانا ہوگا اور دنیا کو بتانا ہوگا کہ ہندوستان کشمیر میں ظلم و سفاکیت کیساتھ ساتھ پاکستان کی خود مختاری کیخلاف بھی سازشیں کر رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button