کراچی میں امام بارگاہوں پر دہشتگردی کا خطرہ، تھریٹ الرٹ جاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) محرم الحرام کے موقع پر کراچی میں شیعہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات ہیں۔
نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے تھریٹ الرٹ کے مطابق دہشتگرد اور سابق غیر ملکی عسکریت پسند تنظیمیں محرم کے دوران شہر کراچی میں شیعہ مسلمانوں کو نشانہ بنا سکتی ہیں۔ تھریٹ الرٹ کے مطابق عباس ٹاؤن، انچولی امام بارگاہ، مرکزی امام بارگاہ حیدرکرار اورنگی ٹاؤن نمبر 5، کمیونٹی ہال پی این ایس جوہر، جہاں مجالس منعقد کی جاتی ہیں، علی امام بارگاہ قصبہ کالونی اور حیدری امام بارگاہ اورنگی ٹاؤن نمبر 4 کو دہشتگرد تنظیمیں نشانہ بنا سکتی ہیں۔
تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے ان علاقوں میں انتہائی سخت سیکیورٹی اور کڑی نگرانی کی جائے۔ واضح رہے کہ نو محرم الحرام کے موقع پر آج ملک بھر میں شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں جگہ جگہ جلوس عزا نکالے جا رہے ہیں۔