Uncategorized

عزاداری میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرینگے، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے راولپنڈی میں جلوس عزاء کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رول آف لاء ہمارا موٹو اور ملک میں امن قائم رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، البتہ ہم عزاداری سیدالشہداء کے سلسلے میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرینگے، ہم آزاد ملک میں آزاد شہری کی طرح عزاداری منانا چاہتے ہیں اور یہ ہمارا آئینی، جمہوری، بنیادی حق اور شہری آزادیوں کا مسئلہ ہے، جس کیلئے کوئی بھی قربانی دینا پڑی تو تیار ہیں، حکمران طرح طرح کے بہانے بنا کر جلوس و مجالس عزاء میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے باز رہیں، پنجاب میں عزاداروں کو جگہ جگہ پریشان کیا گیا، جلد وائٹ پیپر جاری کریں گے۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے جس طرح محرم الحرام کے سلسلے میں مختلف پروگرامز کے ذریعے کوریج دی گئی، اس پر ہم تمام صحافی برادری، میڈیا ہاؤسز انتظامیہ کے مشکور ہیں، پوری دنیا میں سیدالشہداء حضرت امام حسین ؑ اور ان کے جانثاران کو اپنے اپنے انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے، مجالس، جلوس یا دیگر طریقے سے شہدائے کربلا کی یاد منانا ہر شہری کا حق ہے، لیکن افسوس عزاداری کے سلسلے میں روز عاشور جس طرح کا طریقہ کار اپنایا گیا اور اسے محدود کرنے کی کوشش کے سلسلے میں قناتیں لگائی گئیں اور کنٹینرز کھڑے کئے گئے، وہ قابل قبول نہیں، کئی مقامات پر مجالس عزا کے انعقاد پر دھمکیاں دی جاتی رہیں اور پرچے درج کئے گئے، جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کا کام تو عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے، نہ کہ ان کے بنیادی حقوق سلب کر لینا، ہم نظم و نسق کے نہ صرف قائل ہیں بلکہ رول آف لاء ہمارا موٹو ہے اور ایک ذمہ دار کی حیثیت سے ملک میں امن و امان کے قیام کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ واضح کر دیں کہ عزاداری سیدالشہدا شہری آزادیوں کے ساتھ آئینی، جمہوری اور بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ کھلی زیادتی ہے، عوام آزاد ملک میں آزاد شہری کی طرح عزاداری سیدالشہداء منانا چاہتے ہیں، جس کیلئے کسی بھی قربانی کیلئے تیار ہیں، عوام نے پہلے بھی قربانیاں دیں، اب بھی آمادہ ہیں، ہم نے ہر موقع پر ملکی مفاد کو مقدم جانا کیونکہ یہ ہمارا وطن ہے، مذہبی سطح سے سیاسی سطح تک ہم اپنا مقام رکھتے ہیں اور مستقبل میں بھی اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ ہم ملک کے تمام مکاتب و مسالک و مذاہب کی شہری آزادیوں کے قائل ہیں، جس طرح پنجاب میں عزاداروں کیساتھ سلوک کیا گیا، وہ افسوس ناک ہے، جس کے خلاف جلد وائٹ پیپر جاری کرینگے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button