عالمی طاقتیں پاک ایران تعلقات کی مخالف ہیں، مولانا عبدالواسع
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء اوربلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے ایران کے مقدس شہرمشہد میں ایک انٹرویومیں کہا کہ عالمی طاقتیں پاک ایران تعلقات میں پیشرفت کی خواہاں نہیں ہیں۔
مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ تہران، شیراز، اصفہان اور مشہد مقدس کے دوروں کے دوران ایرانی حکام سے نہایت اہم مسئلوں پر مثبت اور نہایت خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال ہوااورانشاء اللہ پاکستان اورایران باہمی تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔
مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات پہلے سے ہی بہتر ہیں، لیکن ہماری کوشش ہے کہ باہمی رابطے اور حکام کے دونوں ممالک کے دوروں سے موجود بعض دیگر مشکلات بھی جلد از جلد ختم ہوجائیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض عالمی طاقتیں پاک ایران تعلقات میں پیشرفت کے خواہاں نہیں ہیں۔ البتہ مسئلے کا واحد حل یہ ہے کہ دونوں ممالک مسلسل رابطے میں رہیں، جس کے سبب تمام مشکلات حل ہوجائیں گی۔
مولانا عبدالواسع نے کہا کہ امت مسلمہ کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے اور ان مشکلات کا واحد حل رابطہ سازی اور مذاکرات ہیں۔
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاک ایران کے مشترکہ موقف کے بارے میں مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ ایران سمیت بہت سے دیگر ممالک بھی کشمیری عوام کی حق خودارادیت پر مبنی پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔