بلوچستان، کربلا جانے والے ہزاروں زائرین کی مشکلات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اربعین امام حسینؑ کے موقع پر بائی روڈ براستہ ایران کربلا جانے والے ملک بھر سے ۵۰ ہزار سے زائد زائرین امام حسینؑ بلوچستان حکومت کی نااہلی کے سبب مشکلا ت کا شکار ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال عاشورہ اور اربعین پر لاکھوں افراد بائی روڈ کربلا جاتے ہیں لیکن انہیں تفتان بارڈر تک شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن نااہل حکومت ان معاملات کو بہتر بنانے کے بجائے ہرسال مشکلات میں اضافہ کرتی جارہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اربعین امام حسین علیہ السلام کے لئے کربلا جانے والے قافلوں کی ۴۰۰ سے زائد بسوں کی رجسٹریشن ہوئی ہے لیکن حکومت بلوچستان اور آئی جی ایف سی نے صرف ۱۴۰ بسوں کو پاکستان بارڈر کراس کرنے کی اجازت دی ہے۔
ایک اندازے مطابق ۵۰ ہزار سے زائد زائرین کربلا جانے کے لئے عازم سفر ہیں لیکن حکومت بلوچستان اور آئی جی ایف سی نے ۸ سے ۹ ہزار عزاداروں کو بارڈر کراس کرنے کی اجازت دی ہے، جسکی وجہ سے دیگر ہزاروں عزادار پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں۔
لہذا حکومت بلوچستان اور آئی جی ایف سی سے درخواست ہے کہ وہ فوری طور پر زائرین کے مسئلہ کو حل کریں تاکہ وقت مقررہ پر تمام زائرین امام حسینؑ کی زیارت کے لئے کربلا پہنچ سکیں۔