کراچی، لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے گورنر ہاؤس کے سامنے جاری احتجاجی دھرنا اختتام پزیر
شیعہ نیوز( پاکستانی خبررساں ادارہ ) سندھ حکومت کی یقین دہانی کے بعد لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے کراچی میں ملت جعفریہ کی جانب سے گورنر ہاؤس کے سامنے جاری احتجاجی دھرنا ختم کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب شیعہ مسنگ پرسنز ریلیز کمیٹی کے زیر اہتمام ملیر سٹی سے احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ ڈاکٹر عقیل موسیٰ، علامہ احمد اقبال رضوی، صغیر عابد رضوی، راشد رضوی نے کی، ریلی میں لاپتہ شیعہ افراد کے اہلخانہ سمیت شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ احتجاجی ریلی 13 گھنٹے مارچ کرنے کے بعد شارع فیصل کے راستے سے ہوتی ہوئی گورنر ہاؤس کے سامنے پہنچی، جہاں احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ درایں اثنا وزیر داخلہ سندھ سہیل انوار سیال اور صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے والے لاپتہ شیعہ افراد کے اہلخانہ اور علمائے کرام سے ملاقات کی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہا کہ لاپتہ افراد سے متعلق اقدامات کئے جا رہے ہیں، پولیس تحویل میں موجود لاپتہ افراد سے متعلق انکوائری کا حکم دینگے، اگر پولیس نے لوگوں کو لاپتہ کیا ہے تو کارروائی کریں گے۔ اس موقع پر علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ 19 لاپتہ شیعہ افراد کو باقاعدہ اٹھایا گیا، وزیر داخلہ سندھ کی بات پر یقین ہے، اس لئے احتجاجی دھرنا ختم کر رہے ہیں۔ مسنگ شیعہ پرسنز ریلیز کمیٹی کے سربراہ علامہ حسن ظفر نقوی کے اعلان کے بعد احتجاجی شرکاء دھرنا ختم کرکے پُرامن طور پر منتشر ہوگئے۔