Uncategorized

ملتان: ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیراہتمام ناصر شیرازی کے اغواء کیخلاف احتجاجی ریلی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کی جبری گمشدگی کے خلاف ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیراہتمام ملک گیر یوم احتجاج منایا گیا، پاکستان کے تمام بڑے شہروں کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، گلگت بلتستان میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں، ملک کے دیگر حصوں کی طرح جنوبی پنجاب کے تمام شہروں میں نماز جمعہ کے احتجاجی مظاہرے کیے۔ تفصیل کے مطابق ملتان میں نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیو ملتان سے گلشن مارکیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر موسی کاظم، علی حیدر، سلیم عباس صدیقی، مہر سخاوت سیال اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت مخالف سخت نعرے بازی کی، رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مذہبی وسیاسی جماعت کے ایسے مرکزی رہنما کو پنجاب حکومت کی ایماء پر اغوا کیا گیا ہے، جس پر کسی قسم کا کوئی مقدمہ یا الزام نہیں۔ انہیں رانا ثناء اللہ کے خلاف پیٹیشن دائر کرنے پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے، ناصر شیرازی کا اغواء جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے، پنجاب کی انتظامیہ اور ادارے ریاست کی بجائے شخصی غلامی کا حق ادا کر کے قانون و آئین سے انحراف کر رہے ہیں۔ سیکورٹی ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے دہشت کی علامت بنتے جا رہے ہیں۔ اس اغواء کے ذمہ دار شہباز شریف، رانا ثناء اللہ اور آئی جی پنجاب ہیں، اختیارات اور طاقت کا ناجائز استعمال غیر آئینی اور جمہوری اقدار کے منافی ہے، اگر ناصر شیرازی کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچا تو حالات کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر ہوگی، رہنمائوں نے کہا کہ مغوی کے بھائی کی درخواست پر مقدمہ دائر کرنے سے پولیس نے انکار کر دیا ہے، اغواکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لیے ہم نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے، ظالموں کے مقابلے میں ہم کبھی سرنگوں نہیں ہوں گے، انہوں نے کہا کہ نفرت اور تعصب اس ملک کی سالمیت کے دشمن ہیں، ہم ان دشمنوں کے خلاف پورے عزم کے ساتھ میدان میں موجود ہیں، وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے دشمن ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ناصر شیرازی کے اغواء کا مقصد حکومت مخالف مذہبی و سیاسی جماعتوں کا دھمکانا ہے۔ پوری انتظامی مشینری نااہل وزیراعظم کو پروٹوکول دینے میں مصروف ہے، ملکی آئین و قانون کو پامال کیا جا رہا ہے، انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، اس سنگین مسئلہ میں حکومت کی غیر سنجیدگی ملت تشیع کے اضطراب میں اضافے کا باعث ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button