پاکستانی شیعہ خبریں

ڈی آئی خان، اربعین کا مرکزی جلوس سکیورٹی کے کڑے پہرے میں رات گئے اختتام پذیر

شیعہ نیوز(پاکستانی خبر رساں ادارہ) ڈیرہ اسماعیل خان میں اربعین کا مرکزی جلوس سکیورٹی کے کڑے پہرے میں رات گئے پرامن طور پہ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ ڈی آئی خان میں چہلم امام مظلوم (ع) کا باقاعدہ آغاز تو ۱۱ صفر کو ہی ہوجاتا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مختلف امام بارگاہوں سے تعزیے، علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوتے ہیں اور مجالس عزا منعقد ہوتی ہیں۔ تاہم اربعین کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ امام حسین (ع) المعروف تھلہ بموں شاہ سے برآمد ہوتا ہے۔ مرکزی امام بارگاہ میں اربعین کے اجتماع کا آغاز تو علی الصبح ہی ہو جاتا ہے، جب زیارت امام تعزیہ امام بارگاہ سے برآمد کیا جاتا ہے۔ نماز جمعہ سے پہلے اربعین کے اعمال و عبادات خصوصی طور پر امام بارگاہ میں ادا کئے گئے۔ ظہرین کے بعد مجلس عزا کا آغاز ہوا جو کہ شام چار بجے تک جاری رہی۔ اس مجلس عزا کے دوران ہی ذوالجناح کی برآمدگی کے ساتھ زنجیر زن دستوں نے زنجیر زنی کے ذریعے امام مظلوم کی بارگاہ اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مغربین تک زنجیر زنی جاری رہی۔ نماز مغرب کے بعد تعزیے کا مرکزی جلوس پانچ ماتمی دستوں کیساتھ امام بارگاہ سے برآمد ہوا، جو کہ ماہانوالہ مسجد، حسینی چوک، امام بارگاہ فضل عباس شاہ، خمینی چوک سے گزر کر امام بارگاہ امام زین العابدین علیہ السلام المعروف تھلہ یلہ شاہ پہ رات 12 بجے اختتام پذیر ہوا۔ جس کے بعد زیارت امام حسین (ع) پڑھی گئی۔ ساڑھے بارہ بجے یہی جلوس تعزیوں کے ساتھ انہی راستوں سے گزر کر دوبارہ امام بارگاہ امام حسین (ع) میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے راستوں میں وسیع پیمانے پہ نیاز و لنگر کا اہتمام تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سکیورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے، تاہم واپڈا کی جانب سے ہمیشہ کی طرح اس سال بھی انتہائی مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا اور جلوس کے دوران دو مرتبہ پورے علاقے کی بجلی بند کی گئی، جس کی وجہ سے سکیورٹی انتظامات میں خلل پڑا۔ مرکزی امام بارگاہ میں تعزیے کا یہ مرکزی جلوس شب ایک بجے پرامن طور پہ اختتام پذیر ہو گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button