بلوچستان میں شیعہ نسل کشی، سکیورٹی افسران اور پنجاب کے افراد کا قتل ایک ہی سازش کی کڑی ہے، علامہ ناصر عباس
شیعہ نیوز(پاکستانی خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بلوچستان کے شہر کوئٹہ اور تربت میں ہونے والے دہشت گردی کے دو اندہوناک سانحات پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان ایک مرتبہ پھر بے گناہوں کی مقتل گاہ بنا ہے، کوئٹہ میں ایس پی انویسٹی گیشن محمد الیاس کو ان کی اہلیہ اور معصوم بچوں سمیت قتل اور تربت میں 15 نہتے مزدوروں کا قتل عام بربریت کی بدترین مثال ہے، دشمن ممالک کو بلوچستان کا امن کسی صورت نہیں بھاتا، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ان کی آنکھ کا کانٹا ہے، جو انہیں بہت چبھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ایس پی محمد الیاس کو ان کے اہلیہ اور بچوں اور تربت میں روزگار کی تلاش میں سرگرداں نہتے مزدوروں کو شناخت کرکے، بس سے اتار کر مارنے کا دکھ، افسوس اور غم ہم بہتر محسوس کر سکتے ہیں، گذشتہ تین دہائیوں سے پاکستان کی گلی کوچوں، بازاروں اور درباروں میں محب وطن شیعہ سنی عوام کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا، اسی بلوچستان میں ہمارے ہزارہ شیعہ بھائی بہنوں کو بسوں سے شناختی کارڈ دیکھ کر اتارا گیا اور گولیوں سے بھونا گیا، ہم نے اس وقت بھی شور مچایا اور قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن صاحبان اقتدار اور ریاستی اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی تھی، اگر کل ہمارے احتجاج پر کان دھر لئے جاتے تو آج نوبت یہاں تک نہ آتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے کافی حد تک بلوچستان میں امن و امان کے قیام کیلئے کوششیں کیں، آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے مطابق کالعدم جماعتوں کے خطرناک دہشت گرد ماضی قریب میں واصل جہنم ہوئے، دہشت گردوں کی بعض کمین گاہیں بھی تباہ کی گئیں، لیکن پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بھارت، اسرائیل، امریکہ اور خلیجی ممالک کی آنکھ کا کانٹا ہے، جو انہیں بہت تکلیف دیتا ہے، بلوچستان میں ماضی میں ہونے والی شیعہ نسل کشی اور اب سکیورٹی افسران اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے مزدوروں کا قتل عام ایک ہی سازش کی کڑی ہے۔ اسلام آباد سے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کی طرف سے جاری کئے گئے تعزیتی پیغام میں کوئٹہ میں ایس پی محمد الیاس ،ان کے اہل و عیال اور تربت میں میں شہید ہونے والے 15 بے گناہ مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے خانوادگان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے بارگاہ ایزدی میں دعا کی کہ وہ تمام شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے۔