ناصر شیرازی بازیابی کیس، آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی کے ڈائریکٹرز کو آج ہی طلب کر لیا گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاہور ہائیکورٹ میں مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کی بازیابی کیس کی سماعت ہوئی۔ لاہور پولیس کی جانب سے ایس پی آپریشنز رضوان گوندل سمیت دیگر پولیس افسران عدالت پیش ہوئے۔ پولیس افسران نے عدالت کو بتایا کہ ناصر شیرازی ان کی حراست میں نہیں اور نہ ہی وہ اس کا پتہ چلا سکے ہیں۔ لاہور پولیس کے جواب پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے آج ہی 1بجے دوپہر آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی کے ڈائریکٹرز کو طلب کر لیا ہے۔ جسٹس قاضی محمد امین احمد نے علی عباس کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے فدا حسین رانا ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ حکومت کی جانب ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شان گل پیش ہوئے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شان گل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزارنے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا ہے، خفیہ ایجنسیوں کے حوالے سے ڈپٹی اٹارنی جنرل ہی جواب دے سکتے ہیں۔ عدالت کی طلبی کے باوجود ڈپٹی اٹارنی جنرل پیش نہ ہوئے۔