حالیہ دہشتگردی حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، علامہ ناظر تقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدرعلامہ سید ناظرعباس تقوی کا کہنا ہے کہ کئی عرصے ملک بھر میں امن و امان کی بہت اچھی صورتحال رہی لیکن 12 ربیع الاول کو خیرپور اور پشاور میں ایک بار پھر دہشتگردوں نے اپنی موجودگی کا احساس دلایا اور کئی قیمتی جانیں ان حملوں میں ضائع ہوئیں جس کی ہم بھرپور مزمت کرتے ہیں۔
اپنے مذمتی بیان میں علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات کا ایک بار پھر سے تسلسل کے ساتھ ہونا حکومت اور سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، دہشتگرد جب چاہتے ہیں اپنے مزموم عزائم میں کامیاب ہو جاتے ہیں، وطن عزیز اس وقت بہت سے بحران کا شکار ہے اور اس طرح کے واقعات سے ہمارا ملک اور بھی بہت سے بحران کا شکار ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، اس وقت تک ملک میں جمہوری استحکام آسکتا ہے نہ ہی معاشی طور پر ملک مستحکم ہو سکتا ہے، اگر حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے ادارے ملک بھر سے دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں تو ملک بھر میں دہشتگردوں کی آخری کمین گاہوں تک آپریشن کرنا ہوگا۔ علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ ہم حکومت اورقانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فی الفور دہشتگردی کے ان واقعات میں ملوث دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کو گرفتار کرکے تختہ دار پر لٹکائیں، تاکہ ملک میں امن و امان کی فضاء بہتر ہو سکے۔