خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران لاہور کے زیراہتمام عید میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے سیمینار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عید میلاد النبیﷺ اور ھفتہ وحدت کے سلسلے میں خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران، لاہور، جمعیت علمائے پاکستان (نیازی) اور امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے تعاون سے خانہ فرہنگ ایران لاہور میں "عالم اسلام میں اتحاد کے تقاضے اور ضروریات” کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں مختلف مکاتب فکر کے علما، مشائخ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ خانہ فرہنگ ایران لاہور میں منعقدہ اس سیمینار سے خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل سید مجید سادات کیایی، ڈپٹی ڈائریکٹر احمد مرجانی نژاد، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان کے جنرل سیکرٹری لعل مہدی خان، جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ کے سربراہ پیر معصوم نقوی، جے یو پی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر امجد حسین چشتی، گیریژن یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر سعید احمد سعیدی، جامعہ نرجسیہ لاہور کے پرنسپل علامہ شاہد نقوی، پروفیسر ظفر اللہ خان، خانم رباب رضوی، ڈاکٹر ظہیر منہاس اور لاہور کے ایرانی قونصل جنرل صادقی دولت آبادی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں حشمت سکول لاہور کے بچوں نے قوالی کے انداز میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ مقررین نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی ذات بابرکات بہترین نمونہ عمل ہے، آپﷺ نے پوری زندگی اس انداز میں بسر کی کہ وہ امت کیلئے نمونہ عمل بن گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرت رسولﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہم معاشرے کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ہفتہ وحدت جہان اسلام میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی ؒ کے فرمان پر منایا جاتا ہے، کچھ مسلمان 12 ربیع الاول اور کچھ مسلمان 17 ربیع الاول کو میلادالنبیﷺ کا جشن مناتے ہیں، اس لئے امام خمینی ؒ نے 12 سے 17 ربیع الاول پورا ہفتہ جشن منانے کا حکم دیا، جسے ہفتہ وحدت کا نام دیا گیا۔ اس لئے ہر سال ہفتہ وحدت ایران سمیت تمام دنیا میں منایا جاتا ہے جو وحدت المسلمین کی ایک عمدہ مثال ہے۔