شیعہ سنی اتحاد کو پروان چڑھانا ہفتہ وحدت اور عید میلاد النبیؐ کا بنیادی تقاضہ ہے، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ ضلع ملیر کے زیرِ اہتمام جشن عید میلاد النبیﷺ اور ہفتہ وحدت کے سلسلے میں دارلامام علیؑ، جعفر طیار سوسائٹی کراچی میں سیرت مصطفٰی ؐ سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمنار سے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ نشان حیدر، مولانا نقی و دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں برادران اہل سنت و دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ کے اعلان کردہ ہفتہ وحدت اور عید میلاد النبیﷺ کا اولین و بنیادی تقاضہ ہے کہ شیعہ سنی وحدت و اتحاد کو پروان چڑھایا جائے، اسلام دشمن سامراجی قوتین امریکہ اور اسرائیل عالم اسلام میں نفرتیں پھیلا کر مسلمانوں کو تباہ و برباد کرنے کے درپے ہیں، امت مسلمہ کے خلاف امریکہ و اسرائیل کی اس سازش کو پروان چڑھانے کیلئے مسلمانوں کے درمیان نفرتوں کو ہوا دینے والے عناصر امریکہ کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول کے ان بابرکت ایام میں جس عملی وحدت کا مظاہرہ دیکھنے آیا، یہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ فرقہ پرستوں کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے ہیں، دہشتگرد دراصل ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دے کر مسلمانوں کو آپس میں دست و گریبان کرکے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا مملکت خداداد پاکستان کے حکمران اور سیاستدان اگر رسول کریمﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں، تو ملک کو درپیش مشکلات اور دہشتگردی جیسے عفریت سے مکمل چھٹکارہ ممکن ہے۔