Uncategorized

پاکستان کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں نے کل جمعہ کو امریکہ و اسرائیل کیخلاف مظاہروں کا اعلان کر دیا

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں نے کل جمعہ کے روز امریکہ اور اسرائیل کیخلاف مظاہروں کا اعلان کر دیا۔ جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق کل پورے ملک میں پرامن مظاہرے کئے جائیں گے اور امریکہ و اسرائیل کے حالیہ فیصلے کی مذمت کی جائے گی۔ ترجمان نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ملک بھر میں مظاہرے کریں۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قرار دادیں پاس کریں۔ دوسری جانب امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے بھی یوم مردہ باد امریکہ و اسرائیل منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی ترجمان نسیم کربلائی نے کہا امریکی صدر کے جارحانہ اعلان پر ہرگز خاموش نہیں بیٹھیں گے، قبلہ اول کے دفاع کی خاطر کل جمعہ کو یوم دفاع بیت المقدس مناتے ہوئے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائے گی اور امریکی صدر کے جارحانہ اعلان کیخلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔ نسیم کربلائی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے غیرت مند فرزندوں کو معلوم ہے کہ ٹرمپ نے عالم اسلام و عرب کی غیرت کو للکارا ہے، عالم اسلام و عرب کو بھرپور ردعمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور بیت المقدس فلسطین کا اٹوٹ حصہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یروشلم کا ایشو مسئلہ فلسطین کا ہی ایک حصہ ہے، اس لئے ٹرمپ کا اعلان درحقیقت فلسطین پر اسرائیل کے مکمل قبضے کو تسلیم کرنے کے مترداف ہے۔ اس خطے میں ناامنی کی سب سے بڑی وجہ اسرائیل خود ہے کہ جس نے ہزاروں فلسطینیوں کا قتل عام کیا۔

ادھر تحریک لبیک یارسول اللہ نے جمعۃ المبارک کو یوم تحفظ قبلہ اول منانے اور داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان تحریک کے مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی اور سرپرست اعلی پیر افضل قادری مرکزی ناظم نشرواشاعت پیر اعجاز اشرفی ناظم اعلی علامہ وحید نور و دیگر نے کیا ہے۔ علامہ خادم حسین رضوی نے بتایا کہ خطباء اسلام اپنے خطابات جمعتہ المبارک میں امت مسلمہ میں جذبہ جہاد اور شوق شہادت بیدار کریں گے جبکہ 13 دسمبر بروز بدھ بوقت 1 بجے دن تحریک لبیک یارسول اللہ کے زیراہتمام داتا دربار تا پنجاب اسمبلی تحفظ قبلہ اول (بیت المقدس) مارچ کیا جائے گا جس میں لاہور اور مضافات کےاضلاع کی تنظیمیں اور دیگر عاشقان رسول بھی قافلہ در قافلہ شرکت کریں گے۔ قائدین نے تمام زونل امراء کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ 13 دسمبر بروز بدھ کو تمام بڑے بڑے شہروں میں تحفظ قبلہ اول (بیت المقدس) مارچ کا انعقاد کروائیں۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے سرپرست اعلی پیر افضل قادری اور نائب ناظم اعلی صاحبزادہ حافظ سعد رضوی نے راولپنڈی اور مضافات میں 6 شہدائے ختم نبوت کی فاتحہ خوانی کی اور ہر شہید کیلئے 5 لاکھ روپے نقد اور 10 ہزار ماہانہ وظیفہ خدمت کا اعلان کیا ہے اور اس کے علاوہ زخمیوں کی بھی بھرپور مالی امداد کی ہے۔

تحریک انصاف امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو دارالحکومت تسلیم کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد لے آئی، قرارداد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے جمع کرائی۔ پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئی اسے اشتعال انگیزی قرار دیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکی اقدام مشرق وسطیٰ کے امن کیخلاف گہری سازش ہے، صدر ٹرمپ کے اعلان نے اسلامی دنیا کو ایک گہرا زخم دیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت مسلم امہ کیساتھ ملکر عالمی برادری کے سامنے احتجاج کرے اور اس مسئلے کو اقوام متحدہ اور آئی سی میں بھرپور انداز میں اٹھایا جائے اور امریکہ کو فیصلہ واپس لینے پر مجبور کبا جائے۔ قبل ازیں احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ حکومت بروقت انتخابات نہ کرانے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، مسلم لیگ ن نے ملک میں تناؤ کا ماحول بنا رکھا ہے جو انتہائی خطرناک رجحان ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اس سارے عمل میں پیپلز پارٹی پس پردہ حکومت کی حمایت کر رہی ہے، کیونکہ دونوں جماعتوں کو بخوبی اندازہ ہے کہ بروقت انتخابات میں انکے ہاتھ کچھ نہیں آنیوالا۔ ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر کوئی سیاست نہیں کر رہا، یہ انصاف کی تحریک ہے، اس لئے تحریک انصاف نے مظلوم خاندان کا ساتھ دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button