قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں دہشتگردی اور انتہاء پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، اصغریہ اسٹوڈنٹس
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس غدیری نے کہا ہے کہ 16 دسمبر کا دن آرمی پبلک اسکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا، قوم آرمی پبلک اسکول کے بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، شہداء کی عظیم قربانیوں کے طفیل دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم کا مثالی اتحاد اور اتفاق سامنے آیا، شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اور عزم دیا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نئی روح پھونکی ہے۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی تسری برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں قمر عباس غدیری نے کہا ہے کہ قیام امن کے عظیم مقصد کے حصول کیلئے معصوم بچوں کا بہنے والا خون رنگ لایا ہے، جس کے نتیجہ میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہوئی اور معصوم بچوں نے جہالت کے اندھیرے پھیلانے والوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، معصوم بچوں کی عظیم قربانیوں سے علم کے دیئے گل کرنے کی خواہش رکھنے والے دہشتگرد عناصر کو عبرتناک شکست ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے پاکستان میں دہشتگردی اور انتہاء پسندی کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں، قوم کی تائید اور حمایت سے افواج پاکستان پاک سرزمین کو آخری دہشتگرد کے ناپاک سے وجود سے بھی پاک کرے۔