معروف سرجن ڈاکٹر ادیب رضوی کی طبیعت ناساز، اسپتال میں زیرِ علاج
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان میں اعضاء کی پیوندکاری کے سب سے بڑے سرکاری ادارے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے سربراہ اور معروف سرجن ڈاکٹر ادیب رضوی سینے میں انفیکشن کے باعث علیل ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف سرجن ڈاکٹر ادیب رضوی کی طبیعت ناساز ہوگئی ہے اور وہ ایس آئی یو ٹی میں زیرِ علاج ہیں۔ سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ادیب رضوی کو انفلوئنزا اور سینے کے انفیکشن کی شکایت پر ایس آئی یو ٹی منتقل کیا گیا تھا، ادیب رضوی کی طبیعت کی ناسازی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرنے پر ادارہ عوام کا مشکور ہے، ادیب رضوی کی صحت کے حوالے سے تشویش کی کوئی بات نہیں ہے، آئی سی یو میں 3 دن گزارنے کے بعد ادیب رضوی کو کمرے میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ترجمان ایس آئی یو ٹی کے مطابق ڈاکٹر ادیب رضوی کو 2 سے 3 روز میں ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ معروف ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی کی عمر 79 سال ہے اور وہ سندھ اسٹیٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے سربراہ ہیں، یہ ادارہ اعضاء کی مفت پیوندکاری اور ڈائلیسس کرتا ہے، ادارہ ہر سال 10 لاکھ سے زائد مریضوں کو بالکل مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔