پاکستان کو بہت جلد امریکی بلاک کو خیرباد کہنا ہوگا، علامہ ناصر عباس
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دماغی طور پر بیمار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکی دوستی کے سبب فرقہ واریت، دہشتگردی، لسانیت کے سوا کچھ نہیں ملا، نام نہاد امریکی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 70 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی قربانی کو فراموش کرنے والا امریکہ وطن عزیز کا ازلی دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ شام اور عراق سے ذلت آمیز ناکامی کے بعد ایشیاء کو ڈسٹرب کرنے کے لئے ایشیاء کے دل پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف ہے، وقت آگیا ہے کہ قوم متحد ہوکر اس بڑے شیطان کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بنے، حکمران اور اسٹیبلشمنٹ کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ جتنی جلدی ہوسکے ہم اس منحوس امریکن بلاک کو خیرباد کہیں۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے پاکستان کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، عوام پاکستان میں امریکی پٹھوں کیخلاف متحد ہوں اور پاکستان سے امریکی آلہ کاروں کو نکال باہر پھینکیں، انہوں نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ امریکہ اور اس کے حواریوں کو عراق اور شام سے بدتر شکست دے کر پاکستان کو عزت اور وقار کے ساتھ ایشن ٹائیگر بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔