شہید باقر النمر آل سعود کے خلاف مظلوم عوام کی ایک مضبوط آواز تھے، قمر عباس
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قمر عباس غدیری نے آیت اللہ شہید باقر النمر کی دوسری برسی کے موقع پر تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ شہید نمر آل سعود کے خلاف مظلوم عوام کی ایک مضبوط آواز تھے، ایک ایسی آواز کہ جو سعودی مظالم کے خلاف جدوجہد کی علامت بن گئی اور اس کی سیاہ ترین شہنشاہت کے باب کو نابود کرنے لگی۔ اپنے تعزیتی بیان میں قمر عباس نے کہا کہ شہید آیت اللہ باقر النمر شہادت کے آخری لمحے تک سعودی حکام کے ساتھ ساتھ دوسرے ممالک میں بھی استبدادی اور آمر حکمرانوں پر تنقید کرتے رہے، شہید کی استقامت، جدوجہد اور جرأت سے خوفزدہ ہو کر دنیائے اسلام کی اس عظیم شخصیت کیلئے استکباری عالمی دہشتگرد امریکا و اسرائیل کے کہنے پر سعودی عرب کی درباری عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا۔ انہوں نے کہا کہ اس ظالم اور خائن سعودی بادشاہت نے ایک مظلوم عالم کو حق گوئی کی پاداش میں سزائے موت دیکر اپنی بربریت اور فتنہ انگیزی کا ثبوت دیا، ہمیں یقین ہے کہ شہید باقر النمر اور مظلومین کا خون سعودی نظام کی تباہی کا سبب بنے گا۔