یمن کی تباہی کے ذمہ دار سعودی عرب اور اتحادی ممالک ہیں، نیاز حسین نقوی
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے یمن میں سعودی فوجی اتحاد کی طرف سے تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی تباہی کے ذمہ دار سعودی عرب اور اتحادی ممالک ہیں، جن کی بمباری اور میزائل حملوں میں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 50 ہزار سے زائد معصوم بچے شہید ہوچکے ہیں، یہ ایسا انسانی المیہ ہے، جس کی دنیا بھر میں مذمت ہونی چاہیے، مگر افسوس انسانی حقوق کے ادارے اور خود اقوام متحدہ مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ بچوں کا قتل عام مسلم ممالک کے فوجی کر رہے ہیں۔ پاکستان کے تمام طبقات بدترین مظالم پر احتجاج کریں۔
علامہ نیاز نقوی نے سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ہاتھوں حرمین کے پڑوس میں واقع مسلم ملک کی تباہی پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی طرف سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ کو نہایت پریشان کن قرار دیا ہے، جس کے مطابق اس جنگ میں گذشتہ سالوں میں 50 ہزار یمنی بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں، جبکہ ہزاروں بچے مہلک امراض کا شکار اور 2 ملین بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔ ہر دس منٹ بعد ایک بچہ بیماری کی وجہ سے مر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی ملک اس طرح تباہی پر ہر شخص کو احتجاج کرنا چاہیے۔ حکومت پاکستان کی انسانی اسلامی فریضہ ہے کہ اس سفاکیت اور بربریت کے خلاف آواز بلند کرے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ علاقائی تسلط کی جنگ نے مشرق وسطٰی کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ مسلم ممالک کو آپس میں لڑنے کی بجائے مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور او آئی سی کو اپنا کردار ادار کرتے ہوئے امت مسلمہ کے باہمی اختلافات کو ختم کروانا چاہیے۔