جی بی کو پانچواں صوبہ قرار دیا جائے یا وہاں آزاد کشمیر طرز کی حکومت قائم کی جائے، علامہ مرزا یوسف حسین
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان کے نامور عالم دین و گلگت بلتستان الائنس کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ جی بی کو ملک کا پانچواں صوبہ قرار دیا جائے یا وہاں آزاد کشمیر کے طرز کی حکومت قائم کی جائے۔ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی جی بی کی عوام کی آواز دبانے کی بجائے لوگوں کو حقوق دیں، جب تک گلگت بلتستان کی عوام کا دیرینہ مسئلہ حل نہیں ہوگا، ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹر سرتاج عزیز کی سربراہی میں جی بی کی آئینی حیثیت کے متعلق بننے والی کمیٹی کے سفارشات کو سامنے لایا جائے اور دوبارہ ریفارمز کمیٹی بنائی جائے، جس میں مقامی نمائندوں کو جگہ ی جائے۔ جب تک گلگت بلتستان کو صوبائی سیٹ اپ نہیں ملتا وہاں پر فیڈرل حکومت اور صوبائی حکومت کی جانب سے عائد کردہ تمام ٹیکس کے خاتمے کا اعلان اور نوٹیفکیشن جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں مقیم جی بی کے باشندے، علماء، وکلاء اور سماجی شخصیات وزیراعلٰی جی بی حافظ حفیظ الرحمٰن کے بیان کی پرزور مذمت کرتے ہیں، جس میں انہوں نے وہاں پر جاری دھرنے کو کسی خاص مسلک اور علاقے سے جوڑنے کی کوشش کی۔