بیت المقدس فلسطین کا صدر مقام تھا، ہے اور ہمیشہ رہیگا، دفاع القدس سیمینار
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) لاہور پریس کلب میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ "دفاع القدس و آزادی فلسطین سیمینار” سے خطاب کرتے ہوئے معروف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے مرکزی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ القدس پر اسرائیلی قبضہ کو امریکہ کی طرف سے تسلیم کیا جانا عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، جو کہ ایک ناقابل قبول اقدام ہے، یروشیلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکی سفارتخانے کے وہاں قیام کے اعلان نے پوری دنیا کے مسلمانوں کو مغموم کیا ہے، امت مسلمہ کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہئے، صرف زبانی فیصلوں اور مذمت کی بجائے عملی اقدامات کئے جائیں، یروشیلم اسرائیلی نہیں بلکہ فلسطینی دارالحکومت بیت المقدس تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ سیمینار سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر عباس شیرازی، فلسطین فائونڈیشن کے عثمان موئید، جماعت اسلامی سے فرید پراچہ، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی، آئی او پاکستان کے سابق چیئرمین لال مہدی خان، آئی ایس او کے سابق مرکزی صدر سرفراز حسینی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ عالمی برادری فلسطین میں غیر قانونی آباد کاریوں کا نوٹس لے اور بیت المقدس کے مسئلہ پر امریکی کی اسرائیل کیلئے حمایت درست اقدام نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی حریت پسند قوم ہیں اور آج بھی وہ نہتے ہو کر اپنے حق کیلئے لڑ رہے ہیں جبکہ اسرائیلی بزدلانہ اقدام ان کے مصمم ارادوں پر اثر انداز نہیں ہوئے۔ دنیا بھر میں اسرائیل کے ناپاک عزائم ناکام ہو رہے ہیں اور ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم دنیا متحد ہو جائے اور فلسطین کی آزادی کیلئے مشترکہ جدوجہد پر توجہ مرکوز کریں۔
جماعت اسلامی کے رہنما فرید پراچہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل پوری انسانیت کا دشمن ہے اور دنیا بھر سے اسلامی مقدسات کا خاتمہ چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج فلسطین جل رہا ہے اور قبلہ اول بیت المقدس صیہونی شکنجہ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین عمومی طور پر انسانیت کیلئے اور خاص طور پر عالم اسلام کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مسلم لیگ قاف کے رہنماء کامل علی آغا نے کہا مسلمانوں کے ایمان کا مسئلہ ہے، القدس کی آزادی ہر مسلمان کی دینی و ایمانی فریضہ ہے۔ فلسطین فاؤنڈیشن کے رہنماء عثمان موئید نے کہا کہ بیت القدس سمیت مقبوضہ فلسطین کی آزادی کیلئے عالم اسلام کو متحد کرکے بھرپور جہاد ہونا چاہیئے، مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے اور اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے دنیا بھر میں دہشتگردی کو پروان چڑھایا جا رہا ہے، مسلمان حکمران قبلہ اول کی بازیابی کیلئے عملی جدوجہد کریں۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی نے کہا تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور عوام اسرائیل سے اظہار برات کرکے مظلوم فلسیطنیوں سے یکجہتی اور صہیونی اسرائیل سے نفرت کا اظہار کریں اور عالمی سطح پر واضح پیغام دیں کہ فلسطین کاز کے حوالے سے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی طرف سے دہشتگردی کیخلاف جنگ کیلئے پاکستان کو چند ارب ڈالر دینے کی باتیں پاکستانی قوم کی توہین ہے۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانی پاکستان نے دی ہے۔