ایم ڈبلیوایم رہنما ناصرشیرازی پاکستان عوامی تحریک کی ایکشن کمیٹی کے رکن بھی نامزد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ 17 جنوری سے پنجاب حکومت کیخلاف ملک گیر احتجاج ہوگا، اس سلسلے میں احتجاج کا طریقہ کار طے کرنے کیلئے ایک ایکشن کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے،آل پارٹیز کانفرنس کے نتیجے میں بننےوالی سٹیرنگ کمیٹی اپنی جگہ قائم رہے گی، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی سٹیرنگ کمیٹی سمیت ایکشن کمیٹی کے رکن بھی نامزد ہوگئے ہیں،ایکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس 11 جنوری کو ہوگا، جو فیصلہ کرے گی اس احتجاج کا طریقہ کار کیا ہوگا۔
ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ہم استعفی مانگیں گے نہیں بلکہ دباؤ کیساتھ لیں گے، اب صرف ہم شہباز شریف، رانا ثنااللہ اور دیگر کے استعفے نہیں بلکہ پورے ملک میں جہاں، جہاں ان کی حکومت قائم ہے، وہاں سے ان کی حکومت کا خاتمہ ہوگا، ہمارے پاس سارے آپشن کھلے ہیں، ہم کسی بھی حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا حکمرانوں کو ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے خون، ملک میں قتل و غارت اور لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا، ان کے گریبان ہوں گے اور عوام کے ہاتھ ہوں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا حکمرانوں کو ختم نبوت(ص) کے قانون میں ترمیم کرنیوالوں کو بھی سامنے لانا ہوگا، وہ ابھی تک ان کی صفوں میں موجود ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے نتیجے میں بننے والی سٹیرنگ کمیٹی اپنی جگہ پر قائم ہے، آج ہم نے ایکشن کمیٹی بنا دی ہے جس میں تمام جماعتوں کے نمائندے شامل ہیں۔