تحریک طالبان نے بی ایل اے اور جئے سندھ متحدہ محاذ کے ساتھ الائنس بنایا ہوا ہے، ڈی آئی جی لاڑکانہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ نے آنے والے دنوں میں سندھ میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
لاڑکانہ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ ڈویژن کے کچے کے علاقوں میں آپریشن بہت جلد شروع کیا جائے گا، ہماری کوشش ہے کہ یہ آپریشن آرمی، رینجرز اور ایف سی کے ساتھ مل کر کریں، ملک دشمن قوتیں بھاری رقوم خرچ کرکے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لئے تحریک طالبان سجنا گروپ نے بلوچستان لبریشن آرمی اور جئے سندھ متحدہ محاذ (شفیع برفت گروپ) کے ساتھ کلوز الائنس بنایا ہوا ہے، افغانستان سے آنے والے خودکش حملہ آوروں کو ملک کے کونے کونے میں پہنچانے کی ذمہ داری بی ایل اے کو سونپی گئی ہے، بلوچستان سے ملنے والی سرحدوں پر سیکیورٹی سخت کر دی ہے۔