Uncategorized

سپریم کورٹ کا اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ برقرار رکھنے کا حکم

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )سپریم کورٹ نے اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی پولیس اللہ ڈنو خواجہ کی جگہ سردار عبدالمجید دستی کو تعینات کرنے کی ایک اور کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی تبدیلی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف صوبائی حکومت کی اپیل کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سندھ حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے پولیس ایکٹ 2011ء کو آئینی قرار دیا، عدالت سندھ ہائی کورٹ نےآئی جی کو پولیس میں تبادلوں کا اختیار بھی دے دیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ سندھ ہائی کورٹ نے بہت خوبصورت فیصلہ دیا ہے، یہ فیصلہ دو تین بار پڑھنے کے لائق ہے۔

سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف صوبائی حکومت کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اے ڈی خواجہ کو آئی جی سندھ برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ سندھ میں آئی جی کی تقرری کا معاملہ عدالتی فیصلے سے مشروط ہو گا، تقرری کے معاملے پر وفاقی حکومت کے کسی اقدام کی کوئی حیثیت نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت اور آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ کے درمیان گزشتہ برس سے اختلافات چلے آرہے ہیں، صوبائی حکومت نے ان کی تقرری کی کئی کوششیں کیں لیکن یہ کامیاب نہیں ہوسکی، سندھ حکومت نے اس سلسلے میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button