Uncategorized

کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال اقوام متحدہ کی فوری توجہ کی متقاضی ہے، آئی ایس او کراچی

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دیا جائے اور بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں کا شکار بننے والے کشمیریوں کو انصاف فراہم کیا جائے، سلامتی کونسل میں پیش کی کئی قراردادوں میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا لیکن کئی عشرے گزرنے کے بعد بھی یہ وعدہ پورا نہیں ہوا اور اس کے نتیجہ میں مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال اقوام متحدہ کی فوری توجہ کی متقاضی ہے، کیونکہ اس سے خطے کے امن وسلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری محمد عباس نے یومِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کے سربراہوں اور اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف بھارتی مظالم انسانی حقوق کی تنظیموں کے نوٹس میں لائیں اور اس کے خلاف احتجاج کریں، بھارت جموں و کشمیر کے سنجیدہ مسئلے کو دہشت گردی سے جوڑ کر جامع مذاکرات کے تحت پر بات چیت سے راہ فرار اختیار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ یہ دہشت گردی کا نہیں بلکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا سوال ہے، اس معاملے پر مذاکرات کی کامیابی کے لئے کشمیری قیادت کو ان میں شامل کرنا اہم ہے جو کہ بامقصد حل کی طرف اہم قدم ہوگا۔ محمد عباس نے کہا کہ کشمیر کا حصول پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ قائداعظم نے فرمایا تھا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور یہ پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم کشمیری قوم کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جو کئی برس گزر جانے کے باوجود بھارتی مظالم کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والوں کو دہشت گرد قرار دینا نہ صرف انتہائی گھناؤنا مذاق ہے بلکہ اس کے نتیجہ میں کشمیریوں میں مزید اشتعال پھیل رہا ہے، بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی افواج وہاں کے رہنے والے افراد پر طاقت کا استعمال کر رہی ہے جوکہ نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ کوئی بھی مہذب معاشرہ ایسے مظالم کی اجازت بھی نہیں دیتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے جغرافیہ کو بدلا جا رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انتہا پسند ہندوؤں کو بسا کر مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا گھناؤنا کھیل کھیلا جارہا ہے، بھارت دراصل خطے میں اسرائیل ہے اور اس کے جرم کشمیر میں اتنے ہی بھیانک ہیں جتنے فلسطین میں اسرائیل کے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح رہبر معظم سید علی خامنہ ای نے بھارت جارحیت کے خلاف دو ٹوک مؤقف اپنایا ہے اسی طرح تمام عالمی رہنماؤں کو بھی کشمیر کے حوالے سے مؤقف اپنانا چاہیئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button