ڈی آئی خان کے لوگوں پر ایک اور ظلم
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) ڈیرہ اسماعیل خان گرڈ اسٹیشن میں تکنیکی خرابی کے باعث گذشتہ 5 روز سے 7 فیڈرز سے بجلی کی ترسیل بند ہے جس کی وجہ سے نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہوئی ہے بلکہ کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔ بندش کے شکار فیڈرز میں کینٹ نمبر 1، مندراں، مریالی 1، 2، سگو، ٹاؤن ہال اور مسلم بازار کا فیڈر شامل ہیں۔ ڈی آئی خان کے عوام کے مطابق بجلی غائب رہنے کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ مقامی افراد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گذشتہ 5 روز سے ان کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، گھروں میں پینے کا پانی نہیں تو بچے بغیر یونیفارم کے سکول اور بڑے کپڑے استری کئے بغیر دفتر جانے پر مجبور ہیں، جبکہ سب سے افسوسناک امر یہ ہے کہ گرڈ والوں کا فون بھی بند ہے۔ دوسری جانب گرڈ اسٹیشن انچارج محمد وسیم کا کہنا تھا کہ مسئلہ بڑے ٹرانسفامر میں خرابی کے باعث کھڑا ہوا ہے جسے ٹھیک کرنے کیلئے ماہرین نے 8 دن کی مہلت مانگی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کی مشکلات کے پیش نظر روزانہ بندش کے شکار ہر فیڈر کو دیگر فیڈر سے 2 سے 3 گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ محمد وسیم کے مطابق 1973ء میں قائم گرڈ سٹیشن پر لوڈ زیادہ ہے جس کی وجہ سے اس طرح کی مشکلات سامنے آتی رہتی ہیں۔