پاکستان کو واچ لسٹ میں شامل کرنے کی سازش قابل مذمت ہے،علماء محاذ
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) امریکہ اور ا سکے اتحادیوں کی جانب سےپاکستان کو عالمی دہشت گردی کیلئے مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کیس میں واچ لسٹ میں شامل کرنے کی مبینہ سازش کی مذمت کرتے ہیں اور دوست ممالک نے اس سازش کو ناکام بنانے اور پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لے جو کردار ادا کیا اس کا شکریہ اداکرتے ہیں۔یہ بات متحدہ علماء محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت پیغام پاکستان امن و یکجہتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مسالک کے علماء مشائخ نے کہی ۔سیمینار سے چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی،جے یوپی سندھ کے صدر علامہ سید عقیل انجم قادری،کراچی کے صدرعلامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، علامہ ثنار احمد قلندری، مطلوب اعوان قادری، مفتی ساجد یار خان، علامہ علی کرارنقوی، مفتی محمد بخاری، علامہ شاہدین اشرفی،پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی،پاکستان مسلم لیگ ن کے اسلم خٹک ،جمعیت علمائے پاکستان (نورانی)کے محمد شکیل قاسمی ودیگرنے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہاکہ ایوان صدر سے جاری ہونیوالا پیغام پاکستان بیانیہ جس پر ابتک ہزاروں علماء دستخط کرچکے ہیں ملکی و بین الاقوامی سطح پر قیام امن کیلئے افواج پاکستان علماء مشائخ کے کردار کو واضح کرتاہے۔