کراچی، بھتہ دینے سے انکار پر معروف بلڈر فائرنگ سے زخمی
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) شہر قائد کے علاقے گلشن معمار میں معروف بلڈر مستقیم پیرزادہ کو نامعلوم افراد نے بھتے دینے سے انکار پر فائرنگ کرکے زخمی کر دیا، ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے رہنماؤں نے بھتہ مافیا کی جانب سے آباد ممبر مستقیم پیرزادہ پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق معروف بلڈر مستقیم پیرزادہ سے نامعلوم افراد 30 لاکھ روپے بھتے مانگ رہے تھے، نہ دینے پر انہیں فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔ نامعلوم افراد کی جانب سے فائر کی گئیں 9 گولیوں میں سے 3 گولیاں مستقیم پیرزادہ کو لگیں۔ جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے مستقیم پیرزادہ کو ضیاء الدین اسپتال پہنچایا، جہاں پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد ایف آئی آر درج کرلی۔ آباد کے چیئرمین عارف جیوا نے مستقیم پیرزادہ پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے بعد بلڈرز اور ڈیولپرز میں شدید بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے، کراچی آپریشن کے بعد بھتہ مافیا کا قلع قمع کر دیا گیا تھا، تاہم مستقیم پیرزادہ سے بھتہ طلبی اور قاتلانہ حملے سے محسوس ہوتا ہے کہ بھتہ خوروں نے ایک مرتبہ پھر اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، جو سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ چیئرمین آباد نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ مستقیم پیرزادہ پر حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔