اسلامی فوجی اتحاد شام و فلسطین کے مسئلے میں کردار ادا نہیں کرسکتی تو اسے ختم کر دیا جائے، مولانا عبدالغفور حیدری
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ سی پیک کے منصوبوں کی تکمیل سے بلوچستان سمیت پورے میں ملک معاشی انقلاب برپا ہوگا۔ یہ معاشی انقلاب بھارت سمیت ہمارے دیگر پڑوسی ممالک کی آنکھوں میں بھا نہیں رہا ہے۔ امریکہ کے ساتھ ملکر ترقی کے عمل کو دہشت گردی کے ذریعے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، لیکن پاکستان کی غیرت مند عوام ان کا خواب پورا ہونے نہیں دیں گے۔ کوئی مائی کا لال پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی غلطی نہ کریں۔ اگر بھارت نے یہ غلطی کی تو یہ جنگ پاکستان کی سر زمین پر نہیں ہوگی، بلکہ بھارت کی زمین پر ہوگی۔ غیر ملکی قوتوں نے شام اور فلسطین کے مسلمانوں کی حیات تنگ کر دی ہے۔ مسلمانوں کی نسل کشی ہو رہی ہے۔ اسلامی فوجی اتحاد کردار ادا نہیں کرسکتی تو اتحادی فوج کو ہی ختم کر دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے منجھو شوری میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ قوم پرستوں نے ہمیشہ قوم پرستی کے نام پر بلوچستان کے عوام کے وسائل لوٹے ہیں۔ جب اقتدار میں آتے ہیں، قومی پرستی بھول کر پیٹ کو آگے کر دیتے ہیں۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کھیر تھر کینال اور پٹ فیڈر کینال بدحالی کا شکار ہو چکی ہیں۔ علاقہ کے منتخب عوامی نمائندوں نے زمینداروں کا معاشی قتل کرنے کے لئے زرعی پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی، جس سے علاقے سے کسان نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔