Uncategorized

ملک کو درپیش داخلی و خارجی مسائل سے چھٹکارے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، علامہ ناصر عباس

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نومنتخب سینٹرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات کا مرحلہ خوش اسلوبی سے طے ہوگیا ہے، ملک کو درپیش داخلی و خارجی مسائل سے چھٹکارے کے لئے اب جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، جس کے لئے اراکین کو بھی اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو مہنگائی، عدم تحفظ، بےروزگاری، معیاری تعلیم کا فقدان اور صحت کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ پولیس اور دیگر ریاستی ادارے دہشت کی علامت بنتے جا رہے ہیں۔ سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اختیارات کے ناجائز استعمال نے عوام کے بنیادی حقوق کو غصب کر رکھا ہے، قومی اداروں میں اصلاحات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ وطن عزیز کو قائد و اقبال کا پاکستان بنانے کے لئے مقتدر شخصیات کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ہم نہ صرف داخلی مشکلات کا شکار ہیں بلکہ ہمیں خارجی مسائل میں بھی دانستہ طور پر الجھایا گیا ہے۔ بھارت کی طرف سے آئے روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے واقعات سامنے آتے ہیں۔ پڑوسی مسلم ملک افغانستان اور ہمارے درمیان اختلافات بھڑکانے کے لئے دہشت گردی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ایران اور پاکستان کے درمیان وہ قوتیں مغالطے پیدا کرنے میں مصروف ہیں، جو دونوں ممالک کی مشترکہ دشمن ہیں۔ ایسی صورتحال میں ایوان بالا کے نمائندگان کی جو ذمہ داریاں بنتی ہیں، ان کو احسن انداز میں ادا کرنا ہوگا۔ سیاسی مخالفین بےجا الزام تراشیوں کی بجائے اپنی توجہ قومی ایشوز پر مرکوز رکھ کر عوامی خدمت کا حق ادا کر سکتے ہیں۔ سیاسی مخالفین نظریاتی اختلاف کو الزامات کی بجائے دلائل سے دور کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب اراکین سینیٹ اپنی اپنی ذمہ داریوں کو قوم کے وسیع تر مفاد کے لئے بروئے کار لائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button