حضرت فاطمتہ الزاہرہ سلام اللہ علیہا خواتین کیلئے علم و عمل اور ہدایت کا نمونہ ہیں،سبطین سبزواری
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبررساں ادارہ)شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ دختر پیغمبر اسلام حضرت فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیہا جیسا مقام و مرتبہ کائنات میں کسی خاتون کو نصیب نہی ہوا۔ حضور سرور کائنات (ص) نے فاطمتہ الزہرا (س) کو آیت الرحمان اور ترجما ن القرآن قرار دیا اور فرمایا کہ جس سے سیدہ کونین ؑسے راضی ہوئیں، اس سے اللہ راضی ہوا اور جس سے وہ ناراض ہوئیں اس سے اللہ ناراض ہوا۔ ایام فاطمیہ کے سلسلے میں لاہور میں منعقدہ مجلس سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ حضرت فاطمتہ الزہ سلام اللہ علیہا خواتین کیلئے علم و عمل اور ہدایت کا نمونہ ہیں، جنہوں نے 500 خواتین کو تعلیم سے نوازا۔ دختر پیغمبر کی شہادت مظلومانہ ہے کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٰ وسلم کی وفات کے 75سے 95 دنوں بعد شہید ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ فاطمتہ الزہرا ؑ کا کردار خواتین کیلئے نمونہ عمل ہے کہ عورتیں اپنے حقوق کے لئے خود عملی جدوجہد کریں، جیسا کہ وہ اپنا حق لینے کے دربار گئیں اور اپنے حق میں دلائل دیے کہ وہ پیغمبر کی ذاتی وراثت کی حقدار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا نے پیغمبر کی وفات کے بعد اتنی غمزدہ ہوئیں کہ فرماتی تھیں کہ جتنے مصائب ان پر پڑے اگر وہ روشن دنوں پر پڑتے تو سیاہ راتوں میں بدل جاتے۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ بحیثیت زوجہ فاطمتہ الزہراؑ، حضرت علی علیہ السلام کی ساتھی اور ڈھارس بندھانے والی تھیں، جبکہ ماں کی حیثیت سے اولاد کی تربیت ایسی کی کہ حضرت امام حسن علیہ السلام، حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت زینب علیہا السلام فاطمہ کی تربیت کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے اپنی زندگی میں بہترین مثالیں قائم کیں اور اسلام اپنی آب و تاب سے جاری و ساری ہے۔