ایرانی قونصلیٹ کی جانب سے نت نئی پابندیاں شیعہ، سنی بھائیوں کو زیارات مقدسہ سے روکنے کی سازش ہے، سید طالب حسین پرواز
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) انجمن تحفظ عزاداری پنجاب کے سیکریٹری جنرل و ممبر قومی امن کمیٹی پاکستان سید طالب حسین پرواز نے کہا ہے کہ ایرانی قونصلیٹ لاہور کی جانب سے زائرین کے لئے نت نئی پابندیاں شیعہ، سنی بھائیوں کو زیارات مقدسہ سے روکنے کی سازش ہے، جس کی وجہ سے بالخصوص بالائی پنجاب اور جنوبی پنجاب کے زائرین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، سالار شیعہ و سنی زائرین بھی اس پابندی کے خلاف ہیں، ایرانی حکومت کو اس سلسلے میں نوٹس لینا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ سید طالب حسین پرواز نے مزید کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایرانی قونصلیٹ لاہور اب بین المذاہب ہم آہنگی کی فضا کو قائم رکھنے کی بجائے ایک ٹریول ایجنسی کے طور پر کام کرتے ہوئے غریب زائرین کا معاشی قتل کرنے کے درپے ہے، وہ اب بذریعہ روڈ سفر کرنے کی بجائے تابان یا ماہان ائیرلائن پر سفر کریں، ماں، باپ، بیٹے کا اکٹھے سفر کرنا نہ صرف لازمی ہے بلکہ 30 سال سے کم عمر زائر پر تین لاکھ کی سیکیورٹی کی پابندی لگانا سراسر ناانصافی ہے، جو زائر 50 ہزار روپے میں زیارت حضرت امام رضا کرتا ہے وہ تین لاکھ روپے کہاں سے لائے؟ حالانکہ ایرانی قونصلیٹ لاہور کے علاوہ کسی بھی ایرانی ویزہ قونصلیٹ اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، کراچی ایمبیسی میں کوئی پابندی نافذ نہ ہے، اس طرح کی پابندی کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سالارز کو ڈبل انٹری لسٹ ویزہ کے اجراء کے لئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام شیعہ و سنی زائرین سکون کے ساتھ زیارت امام رضا ودیگر زیارات کا شرف حاصل کر سکیں، اگر ایسی پابندیاں عائد رہیں تو زائرین احتجاج کے لئے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے۔