مجالس عزا تبلیغ کا بہترین ذریعہ ہیں، نفاق کا خاتمہ صبر و تحمل اور حکمت سے کرینگے، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے لاہور میں جامعۃ المنتظر میں "بشارت عظمٰی کانفرنس” سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علماء معاشرتی بگاڑ کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، سیاست سمیت تمام شعبہ جات میں بگاڑ کو دور کرنا ضروری ہے، نئی نسل کو اچھا پیغام نہیں جا رہا، ان کی توانائیوں کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیج حسینی پر غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرنیوالے مقررین کی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے، اس حوالے سے بانیان مجالس سے تعاون لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاح کا عمل اس انداز سے ہونا چاہیے کہ اتحاد کو نقصان نہ پہنچے، امت کو تقسیم کرنے کی سازشوں کا پہلے بھی مقابلہ کیا، آئندہ بھی کریں گے۔ علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ مجالس عزا تبلیغ کا بہترین ذریعہ ہیں، نفاق کا خاتمہ صبر و تحمل اور حکمت سے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عزاداری کیلئے کسی پرمٹ کی ضرورت نہیں، یہ ہمارا آئینی حق ہے، مجالس عزا منعقد کروانے پر ایف آئی آرز کو مسترد کرتے ہیں، اس کیلئے کسی کی اجازت نہیں لیں گے، آئین ہمیں اجازت دیتا ہے اور ہم آئین کو فالو کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بشارت عظمٰی کانفرنس تشیع کے عقائد کیخلاف سازش کے سامنے ڈھال ہے، اس کا دائرہ کار بڑھایا جانا چاہیے۔