قائداعظمؒ کے پاکستان میں کسی تفرقہ بازی، انتہاپسندی کی قطعاََ گنجائش نہیں، فضل حسین اصغری
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر فضل حسین اصغری نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر کہا ہے کہ ارض پاک کو قائداعظمؒ و اقبالؒ کے خوابوں کی حقیقی تعبیر بنانے کیلئے ہر شخص کو انفرادی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے ایک بیان میں فضل حسین اصغری نے کہا کہ قائداعظمؒ کی جدوجہد محض کسی زمینی ٹکرے کے حصول کیلئے نہیں تھی، بلکہ ان کے پیش نظر ایک ایسے ملک کا حصول تھا، جہاں نظریہ اسلام کے مطابق ہر کسی کو آزادانہ زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کے پاکستان میں کسی تفرقہ بازی، انتہا پسندی اور عصبیت کی قطعاََ گنجائش موجود نہیں، بدقسمتی سے ایسے حکمران اس ملک کے حصے میں آتے رہے، جنہوں نے اقتدار کو ملکی ترقی و استحکام کی بجائے ذاتی منفعت کا ذریعہ بنائے رکھا، قرارداد مقاصد اس امر کا تقاضہ کرتی ہے ہے کہ اس ملک کے باسیوں کو قرآن و سنت کے اصولوں کے مطابق زندگی بسر کرنے کے مواقع میسر ہوں اور اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ملے، ملک میں بسنے والے ہر طبقے کے جائز حقوق کا تحفظ ریاست کے ذمہ ہیں، لیکن اس کے برعکس اس ملک میں ایسے تکفیری گروہوں کو پروان چڑھایا گیا، جنہوں نے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے اس ملک کی جڑیں ہلا کر رکھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں اخوت و اتحاد کے فروغ کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی، حکمرانوں کی طرف دیکھنے کی بجائے ہر شخص انفرادی طور پر تجدید عہد کرے کہ وہ اس ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کرے گا۔