لاہور، جامعہ المنتظر میں یوم پاکستان کی مناسبت سے شاندار تقریب، علماء اور طلباء کی بھرپور شرکت
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) وفاق المدارس الشیعہ کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے مدارس دینیہ میں پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جبکہ جمعتہ المبارک کے خطبات میں مسلمانان برصغیر کیلئے علیحد ہ وطن کی جدوجہد پر روشنی ڈالی گئی۔ جامعتہ المنتظر لاہور کی 64 سالہ تقریبات کے دوسرے اور آخری دن کا آغاز عظیم دینی درس گاہ کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب سے کیا گیا۔ وفاق المدارس الشیعہ اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی، علامہ محمد افضل حیدری، علامہ موسیٰ رضا جسکانی، علامہ غلام باقر گھلو اور دیگر علما نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر علما اور طلبا نے قومی ترانہ بھی پڑھا اور وطن عزیز کے قیام کے مقاصد بیان کئے گئے۔
جامع علی مسجد میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے علامہ حافظ ریاض حسین نجفی نے کہا کہ پاکستان نعمت خداوندی ہے، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور راجہ محمود آباد غضنفر علی خان حقیقی اسلام کے پیروکار تھے، جنہوں نے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کیلئے جدوجہد کو عملی جامہ پہنایا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان فراخدل اور وسیع القلب رہنما تھے، کانگریسی ملاوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی، خاکساروں نے قائداعظم کو کافر اعظم قرار دیا مگر 19 مارچ 1940 کو عنایت اللہ مشرقی کے پیروکاروں پر برطانوی فوج نے فائرنگ کی تو قرارداد پاکستان کے جلسے میں شرکت کیلئے لاہور آمد پر قائداعظم میو ہسپتال زخمیوں کی عیادت کیلئے تشریف لے گئے۔حافظ ریاض نجفی نے زور دیا کہ قائداعظم کے آدھے پاکستان کو سیاسی نااہلیوں کے باعث گنوا دیا گیا، اب بچے کھچے پاکستان کی حفاظت کرنی چاہیے۔