ساجد میر کرپٹ حکمرانوں کی محبت میں اتنے پاگل ہوگئے کہ پاک فوج اور عدلیہ کو دھمکی دے ڈالی
شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث علامہ ساجد میر نے لاہور میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور عدلیہ اپنی حدود میں رہیں، جمہوری سسٹم کو چلنے دیں، سیاستدانوں نے بڑی غلطیاں کی ہونگی مگر باقی ادارے بھی کوئی دودھ کے دھلے نہیں، حرمین شریفین کے دفاع کیلئے پاک فوج کے مزید دستے سعودی عرب روانہ کیے جائیں، متحدہ مجلس عمل کی بحالی سے سیکولر قوتوں کو بڑی تکلیف ہو رہی ہے، دینی قوتوں کے اتحاد سے ملک میں نفاذ اسلام کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا مگر اس کے مقاصد سے روگردانی کی گئی، متحدہ مجلس عمل دینی قوتوں کو متحد کرئے گی اور ملک میں نفاذ نظام مصطفی(ص) کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ امن کے فروغ کیلئے برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا، اسی میں ہی ملک کی بقا ہے، ملک میں دہشتگردی اور فرقہ واریت کو پھیلانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں جن کی مذمت کرتے ہیں اور علماء سے کہتے ہیں کہ وہ اتحاد اور برداشت کے کلچر کو پروان چڑھائیں۔