Uncategorized

کشمیریوں کے دل پاکستان کیساتھ دھڑکتے ہیں، عالمی امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ناگزیر ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

شیعہ نیوز(پاکستان شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں بیس سے زائد بے گناہ شہریوں کی شہادت پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں پر بھارت کے وحشیانہ مظالم بدترین ریاستی دہشت گردی ہے۔ اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے عزم و حوصلے کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہی ہے، جن کا مقصد کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے باز رکھنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے اُن کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا فراز نون اور دیگر رہنما موجود تھے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے دل پاکستان سے کے ساتھ دھڑکتے ہیں، طاقت و اختیارات کا بے جا استعمال بھارت کے لئے کسی بھی لحاظ سے فائدہ مند ثابت نہیں ہوسکتا۔ بھارتی حکومت نے اپنی مذموم کارروائیاں اقوام عالم سے پوشیدہ رکھنے کے لئے میڈیا سمیت دیگر ذرائع ابلاغ پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں انسانی حقوق کی پامالی کے معمولی واقعات پر آسمان سر پر اٹھانے والی عالمی طاقتوں کی مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ نوجوانوں کے قتل عام پر خاموشی کو سوائے تعصب کے کوئی اور نام نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا عالمی امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ناگزیر ہے۔ اس مسئلہ پر تماشائی کا کردار ادا کرنے والی عالمی طاقتوں کو یہ حقیقت ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ خطے میں سلگنے والی آگ اگر بھڑک اٹھی تو یہ اور بھی بہت سارے دامنوں کو اپنی لپٹ میں لے لے گی۔

انہوں نے عالم اسلام پر زور دیا کہ اس وقت کشمیر، غزہ اور یمن سمیت ساری دنیا میں مسلمانوں کو بے گناہ موت کی وادی میں دھکیلا جا رہا ہے۔ امت مسلمہ کے اس زوال کی بنیادی وجہ وحدت و اخوت کی کمی ہے۔ ہمیں مشترکات پر باہم نہیں ہونے دیا جا رہا اور معمولی اختلافات پر ایک دوسرے کے خلاف صف آرا رہنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ یہود و نصاریٰ کی ان سازشوں کو اگر بروقت درک نہ کیا گیا تو پھر سوائے ناکامی و خجالت کے ہمارے ہاتھ باقی کچھ نہیں بچے گا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد شفایابی کے لئے دعا بھی کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button