مشرق وسطی
دمشق کے مضافاتی علاقے ضمیر سے دہشت گردوں کا انخلا
حکومت شام اور جیش الاسلام دہشت گرد گروہ کے درمیان طے پایا ہے کہ الضمیر کے علاقے سے ایک ہزار دہشت گرد اپنے ہتھیار حوالے کرکے شمال مشرقی حلب کے علاقے جرابلس منتقل ہو جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ دہشت گردوں نے ہتھیار تحویل میں دینے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور اب تک دسیوں دہشت گرد اپنے ہتھیار دے چکے ہیں اور جو مسلح افراد وہاں سے نکلنا نہیں چاہتے وہ ہتھیار تحویل میں دے کر قومی آشتی کے عمل میں شامل ہو سکتے ہیں۔ الضمیر کے علاقے سے دہشتگردوں کے انخلا کے بعد اس شہر میں حکومتی اور قانونی ادارے اپنی سرگرمیاں شروع کر دیں گے۔دوسری جانب دیرالزور میں شامی فوج کی پیش قدمی کے ساتھ ہی داعش دہشت گردوں میں آپسی جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں اور گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کم از کم چھے دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں جن کا تعلق تیونس سے ہے۔