Uncategorized

شعبان المعظم رسول اکرم (ص) سے منسوب مہینہ ہے، علامہ ریاض نجفی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ خالق کائنات نے انسان کو حد درجہ عزت و احترام سے نوازا ہے، ہر قسم کی نعمات و ضروریات پیدا کی ہیں، فرشتوں کو حکم دیا کہ انسان کو سجدہ کریں، انسان کو بے پناہ صلاحیتیں اور استعداد دی ہے، سب سے بڑھ کر عقل جیسی نعمت عطاء کی، جس کا تاحال 10 فیصد حصہ بھی استعمال نہیں کیا گیا۔ جامع علی مسجد جامعتہ المنتظر ماڈل ٹاؤن لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شعبان المعظم رسول اکرم سے منسوب مہینہ ہے، اس میں وہ ہستیاں پیدا ہوئیں جنہوں نے اسلام کو نشاةِ ثانیہ عطاء کی۔ انہوں نے کہا کہ شعبان میں پیدا ہونیوالی ایک اہم شخصیت بارہویں تاجدار امامت حضرت امام مہدیؑ ہیں، جنہوں نے 15 شعبان کی صبح ِ جمعہ پیدا ہونے کے بعد انگلی آسمان کی طرف اٹھا کر سورة انا انزلنا کی تلاوت کی کیونکہ اس سورة میں لیلةالقدر اور روح القدس کا ذکر ہے، امام ؑکے اس عمل میں اس طرف اشارہ تھاکہ روح القدس پہلے میرے والد گرامی کے پاس امور لاتے تھے اور اب میرے پاس آئیں گے، شب ِ قدر میں فرشتہ امام کی خدمت میں حاضر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام جعفر صادق ؑ کے پاس جب چند مومنین آئے تو آپ ؑ نے اُن سے فرمایا آپ رسول اللہ کو تکلیف کیوں دیتے ہو؟ ان کے سوال کرنے پر وضاحت فرمائی کہ تمہارے اعمال رسول اللہ کی خدمت میں پیش کئے جاتے ہیں، اگر اچھے ہوں تو وہ خوش ہوتے ہیں اور اگر اعمال ناپسندیدہ ہوں تو انہیں تکلیف و اذیت ہوتی ہے، ہمارے وقت کے امام اِس وقت موجود ہیں جن کی وجہ سے نظام کائنات چل رہا ہے، ہمارے اعمال ان کی خدمت میں پیش کئ(ے جاتے ہیں، اعمال اچھے ہوں تو وہ خوش ہوتے ہیں اگر نامناسب ہوں تو انہیں تکلیف پہنچتی ہے، یہ ہمارا فرض ہے کہ اچھے کام کر کے اپنی دنیا و آخرت بھی سنواریں اور اپنے امام کو بھی خوش کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button