ظلم کا شکار مظلوم شیعہ برادری
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)کوئٹہ میں شیعہ ہزارہ مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف علمدار روڈ شہداء چوک پر احتجاجی جلسہ کیا گیا۔ احتجاجی جلسے کا انعقاد بلوچستان شیعہ کانفرنس کی جانب سے کیا گیا تھا، جس میں مجلس وحدت مسلمین، ہزارہ قومی جرگہ، انجمن تاجران بلوچستان اور ہزارہ سیاسی کارکن سمیت دیگر مقامی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے اکابرین نے شرکت کی۔ احتجاجی جلسے سے خطاب کے دوران بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ہزاروں کی تعداد میں سکیورٹی چیک پوسٹس اور فورسز کی موجودگی میں معصوم عوام خصوصاً شیعہ ہزارہ قوم کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا ہونا، ریاستی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ گذشتہ دو دہائیوں سے شیعہ ہزارہ مسلمانوں کو نام نہاد دہشتگردی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم کے اکابرین اب اپنے نوجوانوں کو انتہائی قدم اٹھانے سے نہیں روک سکتے۔ اگر آئندہ ٹارگٹ کلنگ کا کوئی واقعہ رونماء ہوا، تو شہر کے تمام تر حالات کی ذمہ دار ریاست ہوگی۔ جلسے کے آخر میں تمام شیعہ تنظیموں نے دہشتگردی اور نسل کشی کیخلاف مشترکہ احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا۔