جن پر ہزارہ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ کاالزام ہے وہ اوپن جلسے کر رہے ہیں،کیوں
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ہزارہ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ پر ازخود نوٹس لے لیا۔ عدالت نے وزارت داخلہ، لیویز، متعلقہ ایجنسیوں اور بلوچستان حکومت کو جلد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کے عمائدین سے ملاقات ہوئی تھی اور انہیں 184 کی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرانے کا حکم دیا تھا لیکن وکیل میسر نہ ہونے پر انہوں نے درخواست نہیں دی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہم نے معاملے کا سوموٹو ایکشن لے لیا ہے، جن پر ہزارہ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ کاالزام ہے وہ اوپن جلسے کر رہے ہیں، حکومت بلوچستان ایکشن کیوں نہیں لیتی امن و امان کی ذمہ کس کے ذمے ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہزارہ برادری کے بچے سکول نہیں جا سکتے، یونیورسٹی میں داخلے تو لے لیتے ہیں لیکن ان کا جانا بہت مشکل ہے، کیا وہ اس ملک کے شہری نہیں، چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اب تک جتنی بھی ٹارگٹ کلنگ ہوئی ہے اس کی تفصیلات پیش کی جائیں، عدالت نے ہزارہ کمیونٹی کی ٹارگٹ کلنگ ازخود نوٹس کیس کی سماعت 11 مئی کو مقرر کر دی۔