وفاق المدارس الشیعہ پاکستان نے بڑا مطالبہ کردیا
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہزارہ کمیونٹی کی قیادت کو تحفظ کی یقین دہانی اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی طرف سے کوئٹہ میں ہزارہ کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کا ازخود نوٹس لینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سوات اور وزیرستان جیسے آپریشن بلوچستان کے دارالحکومت میں کرکے قوم کو دہشتگردوں سے نجات دلائی جائے۔ لاہور میں علماء سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اعلٰی سطحی انکوائری کمیشن کے ذریعہ بلوچستان کی 30 سالہ دہشتگردی کے اصل محرکات بےنقاب کرنے کیساتھ ان سانحات کے حوالے سے امن و امان کے ذمہ داروں کی کارکردگی اور کردار کی جانچ پڑتال کی جائے کہ سوات اور وزیرستان میں کامیابیاں حاصل کرنیوالے کوئٹہ میں ناکام کیوں ہیں؟۔
ان کا کہنا تھا کہ بےگناہوں کے خون سے انصاف نہ کرنیوالے حکمران اللہ کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ کوئٹہ میں دہشتگردی کی بھیانک لہر روکنے کیلئے مقتدر قوتیں ہنگامی اقدامات کریں، قرآن حکیم کی رو سے ایک بیگناہ کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کی طرف سے واقعات کی ذمہ داری قبول کرنے اور ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کی شناخت کے باوجود ان کیخلاف فیصلہ کن کارروائی نہ ہونا دہشتگردی کے تسلسل کا موجب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ برادری کے احتجاج پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی کوئٹہ آمد خوش آئند ہے۔ اب ہزارہ برادری کے دکھوں کا مداوا بھی ہونا چاہیئے اور انہیں تحفظ بھی ملنا چاہیئے، قاتلوں کو نہ صرف بے نقاب کیا جائے، بلکہ ان کے پیچھے کارفرما ہاتھوں کو بھی منظر عام پر لایا جائے۔ ہم نہیں سمجھتے کہ ہمارے ادارے اتنے کمزور ہیں کہ عوام کو تحفظ فراہم نہ کر سکیں، بہادر افواج کی طرف سے منظم کارروائیوں پر پورے ملک میں دہشتگردوں کو ختم کر دیا گیا ہے، مگر کوئٹہ اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ جاری ہے، اسے روکا جائے۔