اپنےمطلب پرسب جائز
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)مرکزی علماء کونسل کے دارالافتاء کے سربراہ مفتی حفظ الرحمن بنوری اور دیگر مفتیان کی مشاورت سے تیار کئے گئے فتویٰ میں کہا گیا ہے ووٹ ڈالنا عورت کی شرعی ذمہ داری ہے۔ مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے ذرائع ابلاغ کو فتویٰ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق خواتین کو ووٹ ڈالنے کا پورا پورا حق دیا گیا ہے، عورتوں کو ووٹ ڈالنے سے اسلام نہیں جاگیردار اور وڈیرے روکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پولنگ سٹیشنز پر خواتین عملے کی تعیناتی کو یقینی بنائے، عورتوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔ زاہد محمود قاسمی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایسے امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دے جس نے اپنی بہن اور بیٹی کو وراثت میں اس کا حق نہ دیا ہو۔ انہوں نے کہاکہ اسلام نے خواتین کو جو حقوق دئیے ہیں وہ کسی اور مذہب نے نہیں دئیے، الیکشن 2018ء میں ملک و قوم کو محب وطن، ایماندار اور صالح قیادت کی ضرورت ہے۔