شام میں دہشت گردوں کے لئے امریکا کی مالی حمایت
شامی وزارت خارجہ نے اپنے بیان واشنگٹن کے اس اقدام اور فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور بعض دیگر ممالک وائٹ ہیلمٹ نامی دہشت گرد گروہ کو شام کے اندر دہشت گردی کو باقی رکھنے کے ایک حربے کے طور پر استعمال کررہے ہیں اور خاص طور پر اس گروہ کو کیمیائی دہشت گردی کے لئے استعمال کرتے ہیں تاکہ دنیا میں شام کی شبیہ کو بگاڑ کرپیش کریں – شام کی وزارت خارجہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ وائٹ ہیلمٹ گروپ دہشت گرد گروہ جبہہ النصرہ کا اصلی بازو ہے کہاکہ وائٹ ہیلمٹ گروپ نے شام کے شہریوں کا بڑے پیمانے پر قتل عام کیا ہے – یاد رہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے شام میں وائٹ ہیلمٹ گروپ کو چھیاسٹھ لاکھ ڈالر مالی امداد دینے کی منظوری دے دی ہے – وائٹ ہیلمٹ نامی دہشت گرد گروہ مارچ دوہزارتیرہ میں امریکا برطانیہ اور ترکی نے تیار کیا تھا – اور اس گروہ کی سرگرمیوں کا دائرہ وہ علاقے قرار دئے گئے تھے جہاں دہشت گردوں کا کنٹرول تھا – دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد ہونے والے بہت سے علاقوں سے جو ثبوت و شواہد اور دستاویزات ہاتھ لگی ہیں ان سے صاف ظاہر ہے کہ وائٹ ہیلمٹ گروپ دہشت گردوں کا حامی گروہ ہے – ان دستاویزارت سے معلوم ہوتا ہے کہ وائٹ ہیلمٹ گروپ نے جبہہ النصرہ کے ذریعے عام شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے مواقع فراہم کئے ہیں – شام کا بحران دوہزار گیارہ میں سعودی عرب امریکا اور اس کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ذریعے شام پر حملے کے بعد شروع ہوا ہے – اس بحران کا مقصد علاقے میں طاقت اور سیاسی توازن کو صیہونی حکومت کے حق میں تبدیل کرنا تھا –