ڈی آئی خان، پولیس کانسٹیبل ظفر علی کی نماز جنازہ
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ)ڈیرہ اسماعیل خان میں گذشتہ روز شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل ظفر علی ولد الہی بخش کی نماز جنازہ کوٹلی امام حسین علیہ اسلام میں ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ علامہ رمضان توقیر ادا کرائی، جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شریک تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلین کے حلقہ این اے 38 کے امیدوار سید علی زیدی کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان میں دہشت گردوں کو روکنے والا کوئی نہیں، جب جہاں جسے چاہیں وہ آرام سے ٹارگٹ کر کے فرار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک عرصے سے پولیس اہلکاروں اور بالخصوص اہل تشیع ٹارگٹ کو کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، لیکن ابھی تک قانون نافذ کرنے والے ادارے اس چھوٹے سے شہر میں امن قائم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ واضح رہے کہ نامعلوم ٹارگٹ کلرز کی جانب سے تھانہ سٹی کی حدود میں امام بارگاہ نمبر 5 تھلہ لعل شاہ پر دوران ڈیوٹی ایگل سکواڈ کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد ظفر ولد الہی بخش سکنہ بستی میکن موقع پر شہید، جبکہ کانسٹیبل ذوالفقار شاہ ولد حشمت علی سکنہ ظفر آباد کالونی شدید زخمی ہوگیا تھا۔ شہید ہونے والے اہلکار نے اپنے سوگواروں میں 6 بچے چھوڑے ہیں، جس میں 4 بیٹیاں اور 2 بیٹے ہیں،بڑے بیٹے کی عمر 10 سال ہے۔