Uncategorized

ڈاکٹر شیریں مزاری کی علامہ ناصر عباس سے ملاقات، الیکشن میں تعاون پر شکریہ

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ میں آکر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر مرکزی رہنما سید اسد عباس نقوی موجود تھے۔ ترجمان ایم ڈبلیو ایم کے مطابق ڈاکٹر شیریں مزاری نے چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے خصوصی پیغام پہنچایا اور شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ الیکشن 2018ء میں تعاون پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان شاء اللہ مستقبل میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ساتھ مل کر ملک سے انتہا پسندی، کرپشن، اقرباء پروری اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ڈاکٹر شیریں مزاری کو سنٹرل سکریٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی دراصل مظلوم اور محروم طبقے کی کامیابی ہے، پوری قوم کی نظریں عمران خان پر مرکوز ہیں کہ وہ مستقبل میں پاکستان کی داخلہ و خارجہ پالیسی اور معاشی اصلاحات میں کیا تبدیلی لاتے ہیں، پاکستان پانچ ارب انسانوں کو ملانے والا دنیا کا اہم ترین ایٹمی ملک ہے، ہماری مضبوط خارجہ پالیسی ہی وطن عزیز کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ خود مختار اور بیرونی مداخلت سے پاک پاکستان ہی اصل میں قائد اور اقبال کے خوابوں کی تعبیر ہے۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ دشمن داخلی طور پر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہے۔ ہمیں شدت پسندوں اور مذہب کے نام پر پاکستان کو یرغمال بنانے والوں کیخلاف متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ اسلام امن، سلامتی اور بھائی چارے کا دین ہے، ہماری اقلیتی برادری ہندو، عیسائی، سکھ اور دیگر کو کبھی یہ احساس نہیں ہونا چاہئے کہ ہم اقلیت میں ہیں، یہ ہمارے پاکستانی بھائی ہیں اور ان کے حقوق کی مکمل پاسداری ہی اصل مسلم طرز حکمرانی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button