کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیراعلٰی اکرم خان درانی پر حملے میں ملوث اہم دہشت گرد گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی بنوں نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور سابق وزیراعلٰی خیبر پختونخوا اکرم خان درانی پر حملے میں ملوث اہم دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد کی شناخت صدیق اللہ کے نام سے ہوئی ہے جو افغانستان سے دہشت گردی کی غرض سے پاکستان آیا تھا اور اس کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد صدیق اللہ کمانڈر اختر محمد عرف عبد اللہ وزیرستانی گروپ کا اہم رکن ہے، جو این اے 35 کے امید وار اکرم درانی اور پی کے 89 کے امید وار شرین ملک پر حملوں میں ملوث ہے، دہشت گرد کے سہولتکار کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جو بنوں کا ہی رہائشی ہے۔