کسی بھی صورت شہریوں کو عزت دیں، عوام کی مدد کو اولین اصول بنائیں۔آئی جی سندھ
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے شہر کے مختلف تھانوں پر اچانک چھاپے مارے اور چیکنگ کی، انہوں نے اہلکاروں کے لئے کارکردگی پر انعامات اور ڈیوٹی میں غفلت پر سزاؤں کے اعلانات بھی کیے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ نے مبینہ ٹاؤن اور لیاقت آباد تھانےپر چھاپوں کے دوران اہلکاروں کیلئے انعامات اور سزاوں کے اعلانات کیے۔امیر شیخ نے چاک و چوبند ڈیوٹی کرنے پر مبینہ ٹاؤن اور لیاقت آباد تھانے کے اردلیوں کو کیش انعامات کا اعلان کیا، انہوں نے صبح سویرے مبینہ ٹاؤن تھانے میں موجودگی پر ایس ایچ او کو شاباش بھی دی ۔پولیس چیف نے اپنے دورے کے دوران حوالات میں بند ملزمان سے بھی پوچھ گچھ کی، انہوں نے لیاقت آباد کے ایک ملزم کی شکایت پر انکوائری کا حکم دیا۔امیر شیخ نے لیاقت آباد تھانے میں صفائی ستھرائی نہ ہونے اور واش روم کے بلب فیوز ہونے پر ہیڈ محرر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے تنبیہ کا نوٹس جاری کیا۔ان کا کہنا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے، پولیس اہلکار تھانوں کو صاف ستھرا رکھیں۔انہوں نے سڑکوں پر چیکنگ کے نام پر تھانوں کی پولیس کی ’وارداتوں‘ کا بھی جائزہ لیا اور احکامات جاری کیے کہ سڑکوں پر چیکنگ کرنے والے پولیس اہلکارشہریوں سے دوستانہ رویہ اختیار کریں۔امیر شیخ نے کہا کہ کسی بھی صورت شہریوں کو عزت دیں، عوام کی مدد کو اولین اصول بنائیں۔کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے تھانوں کے علاوہ مویشی منڈیوں اور سبزی منڈی کا بھی اچانک دورہ کیا .