پاکستانی شیعہ خبریں

پشاور، محرم الحرام کے دوران جامع سکیورٹی پلان تشکیل دینے کا فیصلہ

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے محرم الحرام کے دوران شہر بھر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے لائحہ عمل طے کرلیا۔ محرم الحرام کے دوران پشاور پولیس نے علماء کرام اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ مشاورت کے بعد جامع سکیورٹی پلان تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ اس ضمن میں گذشتہ روز ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارہ تبلیغ الاسلام کے نمائندہ وفد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ایس پی سٹی شہزادہ کوکب فاروق، ایس پی سکیورٹی عنایت علی شاہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے واضح کیا کہ پشاور پولیس ماضی کی طرح امسال بھی محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائے گی۔ محرم الحرام کے دوران تمام علماء کرام اور معززین علاقہ کے ساتھ ملکر شہر میں امن کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی شہر کا امن برباد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ حکومتی پالیسی کے مطابق شہر کے امن کیلئے عوام کی خواہشات کے مطابق پولیس اہلکار ایمانداری اور پوری جانفشانی کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران اشتعال انگیز لیٹریچر اور تقاریر پر کڑی نظر رکھی جائے گی، جبکہ علماء کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کی خاطر پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے نفرت آمیز تقاریر سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے جن علماء کرام یا مقرر حضرات پر پابندی لگائی گئی ہے ایسے مقرر کو اپنی مجالس، محافل اور دیگر تقریبات میں مدعو کرنے سے گریز کریں، جبکہ اپنے پروگرامات کے دوران وقت کی پابندی بھی کریں تاکہ کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران شہر کی فضا کو پُرامن رکھنے کی خاطر ابھی سے ہی اندرون شہر کرایہ داروں اور افغان مہاجرین کی دوبارہ سے ویریفیکیشن کرائی جا رہی ہے۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button